ہرپیز ہرپیز سمپلیکس وائرس (ایچ ایس وی) کی وجہ سے ہوتا ہے۔ یہ جِلد سے جِلد کے رابطے کے ذریعے پھیلتا ہے – مثال کے طور پر مہبل، منہ سے یا مقعدی جنسی تعلقات کے دوران۔ ہرپیز سمپلیکس وائرس زندگی بھر جسم میں رہتا ہے، لیکن یہ اکثر وقت غیر فعال رہتا ہے۔
ہرپیز کی دو اقسام ہیں، ایچ ایس وی 1 اور ایچ ایس وی 2۔ یہ منہ، عضو تناسل، مہبل اور مقعد کی نازک، نم جلد کے ذریعے جسم میں داخل ہو سکتے ہیں۔
دونوں اقسام کی وجہ سے مندرجہ ذیل ہو سکتا ہے:
منہ پر نملے (تبخال)
جینیٹل ہرپیز
انگلیوں اور ہاتھوں پر دردناک انفیکشن (جسے ‘وہٹلوز’ کہا جاتا ہے)۔
آپ کو جینیٹل ہرپیز مہبلی، مقعدی یا منہ سے جنسی تعلقات کے ذریعے ہو سکتا ہے۔

ہرپیز ایک طویل مدتی عارضہ ہے
ہرپیز زندگی بھر جسم میں رہتا ہے، ایک بار پھیلنے سے دوبارہ پھیلنے کے درمیان اعصاب میں غیر فعال پڑا رہتا ہے۔
وقتاً فوقتاً یہ دوبارہ فعال ہو جاتا ہے، جو اس کے پھیلنے کی وجہ بنتی ہے۔ یہ پہلی بار پھیلنے کے مقابلے میں ہلکا ہو سکتا ہے۔ بعض لوگ ان پر قابو پانے کے لیے دوا لے سکتے ہیں۔

ہرپیز کی علامات
آبلے ہرپیز کی اہم علامت ہیں۔ انفیکشن ہونے کے بعد آپ کو کبھی آبلے نہیں پڑ سکتے، یا ایک بار پڑ سکتے ہیں، یا وہ دوبارہ واپس آ سکتے ہیں۔ عام طور پر وہ وقت کے ساتھ کم تکلیف دہ اور کثرت سے ہوتے ہیں۔
آپ کو ایکسپوژر کے بعد تقریباً چار سے سات دن کے اندر انفیکشن کی علامات نظر آ سکتی ہیں، لیکن بعض اوقات علامات کے پہلی بار ظاہر ہونے سے مہینوں یا یہاں تک کہ برسوں کے بعد بھی علامات نظر آ سکتی ہیں۔
جسم کے مختلف حصوں پر ہرپیز آبلہ ظاہر ہو سکتا ہے:
منہ کے اندر یا اس کے آس پاس (انھیں سرد زخم یا تبخال کہتے ہیں)
گلا
عضو تناسل
مہبل
مقعد
کبھی کبھی رانوں، کولہوں اور دیگر حصوں پر۔
آپ کو تھکاوٹ محسوس ہو سکتی ہے، فلو جیسے درد اور غدود میں سوجن کے ساتھ۔ آبلے عام طور پر پہلی بار ظاہر ہونے پر سب سے خراب ہوتے ہیں۔
آبلے ظاہر ہونے سے پہلے، آپ کی جلد میں کھجلی، جھنجھناہٹ یا بے حسی محسوس ہو سکتی ہے۔ وہ تکلیف دہ ہو سکتے ہیں، خاص طور پر جب بیت الخلاء جائیں، اور عضو تناسل، مہبل یا مقعد سے اخراج کا سبب بن سکتے ہیں۔
آبلے پھوٹنے سے پہلے ان میں ایک متعدی صاف سیال ہوتا ہے، ان پر پپڑی جمتی ہے اور دو سے چار ہفتوں کے اندر ٹھیک ہو جاتے ہیں۔

یہ کس طرح منتقل ہوتا ہے
ہرپیز منتقل ہوتا ہے:
کنڈومز کے بغیر مہبل، مقعدی یا منہ سے جنسی تعلقات کے دوران جِلد سے جِلد کے رابطے سے
جنسی کھلونے شیئر کرنے سے۔
یہ ماں سے بچے تک بھی منتقل ہو سکتا ہے۔
انفیکشن کا امکان اس وقت زیادہ ہوتا ہے جب آبلے جلد پر ہوتے ہیں لیکن بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ آبلے نہ ہوں – خاص طور پر بیماری کے پھیلنےسے بالکل پہلے یا بعد میں۔
آپ کو مہبل، گلے یا مقعد کے اندر آبلے نظر نہیں آئیں گے۔ جب آپ کے منہ پر ‘سرد زخم’ ہوں (یا اگر ہونے ہی والا ہو) تب اگر آپ بوسہ لیتے ہیں یا منہ سے جنسی تعلقات قائم کرتے ہیں تو آپ اپنے ساتھی کو ان کے ہونٹوں یا جنسی اعضا پر ہرپیز منتقل کرنے کا خطرہ مول لیتے ہیں۔

ہرپیز انفیکشن سے کیسے بچیں
کنڈومز (بیرونی اور اندرونیl) اگر متاثرہ حصے کو ڈھک لیں تو ہرپیز ہونے یا منتقل کرنے کے خطرے کو کم کر دیتے ہیں۔
مانع حمل کی دیگر اقسام، جیسے مانع حمل گولی، جنسی طور پر پھیلنے والے انفیکشن (ایس ٹی آئیز) سے کوئی بچاؤ نہیں ہوتا۔
آبلے چھونے کے بعد اپنے ہاتھ دھوئیں، خاص طور پر کانٹیکٹ لینز چھونے سے پہلے کیوں کہ ہرپیز آنکھوں میں انفیکشن کا سبب بن سکتا ہے۔
ایسی چیزوں سے پرہیز کریں جو ہرپیز کے پھیلنے کا باعث بنتی ہیں جیسے نیند کی کمی، غسل آفتابی، یا تناؤ۔
ہرپیز سے کسی کے لیے ایچ آئی وی حاصل کرنا یا منتقل کرنا آسان ہو سکتا ہے۔ لیکن اگر ایچ آئی وی دواؤں نے آپ کے وائرل لوڈ کو ناقابل شناخت بنا دیا ہے تو آپ ایچ آئی وی کو منتقل نہیں کر سکتے ہیں۔

ہرپیز کا علاج
ہرپیز وائرس زندگی بھر آپ کے جسم میں رہتا ہے لیکن اینٹی وائرل گولیاں بیماری کو پھیلنے سے روکنے میں مدد کر سکتی ہیں، پھیلنے کے دوران علامات کو کم کر سکتی ہیں اور آبلے زیادہ تیزی سے ٹھیک کر سکتی ہیں۔
ان لوگوں میں علامات کم کرنے کے لیے سپریسو علاج طویل مدتی ہو سکتا ہے جن کے اندر سال میں چھ سے زیادہ بار بیماری پھوٹتی ہے، جب کہ دوسرے لوگوں کا بیماری ہونے پر علاج کیا جاتا ہے۔
اگر آبلے ظاہر ہوں تو درد کو ختم کرنے والی کریمیں اور نمکین پانی میں نہانے سے مدد مل سکتی ہے۔

ہرپیز کے لیے جانچ
ہرپیز کی خون کی جانچ موجود ہے لیکن اسے باقاعدگی سے استعمال نہیں کیا جاتا۔ کلینکس وائرس کے لیے آبلے کی جانچ کریں گے اور علامات کا علاج کریں گے۔
بیشتر لوگ جلد اور جنسی بیماریوں کے اسپتالوں میں ہرپیز جیسے انفیکشن کی جانچ اور علاج کرواتے ہیں۔ یہ مفت اور رازداری پر مبنی ہوتا ہے اور آپ کے جی پی سمیت کسی اور کو آپ کے دورے کے بارے میں نہیں بتایا جائے گا۔ بعض جی پی سرجریز میں بھی ان انفیکشنز کی جانچ اور علاج کیا جاتا ہے۔
آپ جتنے زیادہ لوگوں کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرتے ہیں، خاص طور پر غیر محفوظ جنسی تعلقات، آپ کو ہرپیز جیسے انفیکشن ہونے کا اتنا زیادہ امکان ہوتا ہے۔ آپ انھیں علم میں لائے بغیر حاصل کر سکتے ہیں، لہذا باقاعدگی سے چیک اپ کروانا اچھی بات ہے، خاص طور پر اگر آپ ایک نیا رشتہ شروع کر رہے ہیں اور/ یا آپ اپنے ساتھی کے ساتھ کنڈومز کا استعمال بند کرنا چاہتے ہیں۔