آتشک کی علامات کے بارے میں جنسی صحت کی معلومات، آتشک کے تین مراحل، یہ کیسے منتقل ہوتا ہے اور اس کا علاج کیسے کیا جاتا ہے۔
آتشک بیکٹیریا کی وجہ سے ہوتا ہے۔ یہ ایک انفیکشن ہے جو مقعدی، مہبلی اور منہ سے جنسی تعلقات کے ذریعے آسانی سے پھیلتا ہے اور آپ کے دل، دماغ اور اعصابی نظام کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے۔ اینٹی بائیوٹکس سے علاج اور ٹھیک ہونا آسان ہے۔
آتشک کی علامات
آتشک کے تین مراحل ہوتے ہیں، ہر ایک کی اپنی مختلف علامات ہوتی ہیں:
پہلا مرحلہ (بنیادی آتشک)
جہاں انفیکشن ہو وہاں پر دس دن سے تین ماہ کے بعد آپ کو ایک درد سے عاری پھنسی (جسے ‘شینکری’ کہا جاتا ہے) ظاہر ہو سکتی ہے۔ یہ عام طور پر عضو تناسل یا مہبل پر، منہ میں یا مقعد کے ارد گرد ہوتی ہے۔ بعض لوگوں کو کئی پھنسیاں ہو جاتی ہیں۔
آپ کی گردن، کمر یا بغلوں میں غدود پھول سکتے ہیں۔
پھنسیاں بہت متعدی ہوتی ہیں۔ یہ تقریباً دو سے آٹھ ہفتوں بعد ٹھیک ہو جاتی ہیں اور غائب ہو جاتی ہیں۔
اگر اس بیماری کا علاج نہ کیا جائے تو یہ دوسرے مرحلے میں جا سکتی ہے۔
دوسرا مرحلہ (ثانوی آتشک)
زخم غائب ہونے کے چند ہفتوں بعد آپ کو مندرجہ ذیل ہو سکتا ہے:
آپ کے جسم پر ایک داغ دار دانہ، اکثر آپ کے ہاتھوں کی ہتھیلیوں یا آپ کے پاؤں کے تلوے پر
کہیں کہیں سے بالوں کا جھڑنا
منہ کے اندر سفید دھبے
مردوں اور عورتوں میں مقعد کے قریب اور خواتین میں فرج کے قریب بھی جینیٹل وارٹس جیسی ابھار ظاہر ہوتے ہیں۔
دانے اور ابھار متعدی ہوتے ہیں۔
آپ بخار یا سر درد، اور غدود کی سوجن کے ساتھ بیمار بھی محسوس کر سکتے ہیں، اور وزن میں کمی کا شکار ہو سکتے ہیں۔
آپ دوسرے اور تیسرے مراحل کے درمیان آتشک کی کوئی علامات یا علامات نہیں دیکھ سکتے یا انھیں محسوس نہیں کر سکتے۔ بیماری مخفی ہو جاتی ہے، جس کا مطلب ہے وہ پوشیدہ ہے۔
تیسرا یا آخری مرحلہ (تیسرے درجے کا آتشک)
آتشک برسوں بعد آپ کے دل، دماغ، ہڈیوں اور اعصابی نظام کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہے۔ یہ نقصان جان لیوا ہو سکتا ہے۔
آپ فالج، اندھے پن، دل کے مسائل، ڈیمینشیا اور پٹھوں کی منظم حرکات میں کمی کا سامنا کر سکتے ہیں۔
اس مرحلے پر اب بھی اس کا علاج کیا جا سکتا ہے، لیکن جو نقصان ہوا ہے اسے ٹھیک کرنا ممکن نہیں ہے۔
یہ کس طرح منتقل ہوتا ہے
آتشک بیکٹیریا غیر محفوظ منہ سے، مہبلی یا مقعدی جنسی تعلقات کے ذریعے پھیلتا ہے۔
آپ کو یہ ہوسکتا ہے قریبی رابطے سے:
پہلے مرحلے میں کسی کے جسم پر پھنسی سے، یا
دوسرے مرحلے میں کسی کے جسم پر دانے سے۔
آتشک بیکٹیریا سے بھی پھیل سکتا ہے:
جنسی کھلونے شیئر کر کے
ایک ماں سے اس کے بچے تک۔
اگر آپ اس کا علاج نہیں کرواتے ہیں، تو آپ آتشک کے مخفی یا پوشیدہ ہونے کے بعد 2 سال تک اسے منتقل کر سکتے ہیں۔ ایسا دوسرے اور تیسرے مراحل کے درمیان ہوتا ہے۔
اپنے خطرے کو کم کریں
زخموں یا دانے کو چھونے سے گریز کریں۔
بیرونی یا اندرونی کنڈومز کا استعمال خطرے کو کم کر سکتا ہے، لیکن صرف اس صورت میں جب کنڈوم پھنسیوں یا دانوں کو ڈھانپ لے۔ منہ سے جنسی تعلقات کے دوران دانتوں کے ڈیم کا استعمال بھی خطرے کو کم کر سکتا ہے۔
جنسی کھلونے شیئر کرنے سے گریز کریں – اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو انھیں دھو لیں اور ہر بار کنڈوم سے ڈھانپ دیں۔
مانع حمل کی دیگر اقسام، جیسے مانع حمل گولی، آپ کو آتشک یا دیگر ایس ٹی آئیز سے کوئی تحفظ فراہم نہیں کرتی ہیں۔
آتشک اور ایچ آئی وی
آتشک ہونے سے آپ کے لیے ایچ آئی وی میں مبتلا ہونا یا منتقل کرنا آسان ہو سکتا ہے۔
اگر آپ ایچ آئی وی کے حامل ہیں تو آتشک زیادہ تیزی سے بدتر شکل اختیار کر سکتا ہے اور اس کا علاج مشکل ہو سکتا ہے۔
لیکن، اگر آپ کا ایچ آئی وی کا علاج جاری ہے اور آپ کو ناقابل شناخت وائرل لوڈ ہے، تو اس بات کا زیادہ امکان ہو سکتا ہے کہ علاج کام کرے گا۔
آتشک کی جانچ اور علاج
اگر آپ فکرمند ہیں کہ آپ کو آتشک ہو سکتا ہے، آپ میں اس کی علامات ہیں یا جنسی پارٹنر میں اس کی تشخیص ہوئی ہے تو ٹیسٹ کرائیں۔
این ایچ ایس (نیشنل ہیلتھ سسٹم) پر تمام جانچ مفت ہیں۔
آتشک کی جانچ میں کیا شامل ہے
خون کی جانچ
ایک سواب سے جانچ، جہاں کسی بھی زخم سے رطوبت کا ایک چھوٹا سا نمونہ لینے کے لیے سواب (روئی کا چھوٹا سا پھاہا) کا استعمال کیا جاتا ہے
جسمانی معائنہ، جس میں کوئی ڈاکٹر یا نرس آپ کے جنسی اعضا یا آپ کے جسم کے دیگر حصوں پر دانوں کو چیک کرنے کے لیے بھی کہے گا۔
آتشک کا علاج
اینٹی بائیوٹکس سے آتشک کا علاج ہوتا ہے۔ انھیں عام طور پر ایک انجیکشن یا گولیوں کے ایک مختصر کورس کے ذریعے دیا جاتا ہے۔ علاج کے بعد آپ کو تھوڑی دیر کے لیے گرمی اور خارش محسوس ہو سکتی ہے۔
آپ کا علاج ختم ہونے کے کم از کم 2 ہفتے بعد تک آپ کو کسی بھی طرح کے جنسی رابطے سے – مقعدی، مہبلی یا منہ سے – بچنے کی ضرورت ہے، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ انفیکشن واپس نہ آئے یا پھیل نہ جائے۔ بہتر ہے کہ آپ اس وقت تک انتظار کریں جب تک کہ آپ کی جانچ نہ ہو جائے اور معلوم ہو جائے کہ علاج مفید رہا ہے۔
جن لوگوں کے ساتھ آپ نے جنسی تعلقات قائم کیے ہیں ان کی جانچ پڑتال کرنے کی بھی ضرورت ہے – اگر آپ نہیں چاہتے تو کلینک انھیں یہ بتا سکتا ہے۔ اگر وہ جانتے ہیں تو ان کا علاج کیا جا سکتا ہے۔
غیر علاج شدہ آتشک اپنے آپ ختم نہیں ہو گا۔ یہ برسوں بعد دل، دماغ اور اعصابی مسائل کا سبب بن سکتا ہے اور موت کا باعث بھی بن سکتا ہے۔
بیشتر لوگ جِلد اور جنسی بیماریوں کے اسپتالوں میں آتشک جیسے انفیکشن کی جانچ اور علاج کرواتے ہیں۔ یہ مفت اور رازداری پر مبنی ہوتا ہے۔ آپ کے جی پی سمیت کسی اور کو آپ کے دورے کے بارے میں نہیں بتایا جائے گا۔
بعض جی پی سرجریز میں بھی ان انفیکشنز کی جانچ اور علاج کیا جاتا ہے۔
آتشک اور حمل
تمام حاملہ خواتین کو آتشک کے لیے خون کی جانچ کی پیش کش کی جاتی ہے کیوں کہ انفیکشن بچے کے لیے بہت خطرناک ہو سکتا ہے، اور وہ اس کے ساتھ پیدا ہو سکتے ہیں۔
حمل میں آتشک کا علاج کرنا آسان ہے اور علاج سے بچے کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔
باقاعدگی سے چیک اپس
آپ جتنے زیادہ لوگوں کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرتے ہیں، آپ کو آتشک جیسے انفیکشن ہونے کا امکان اتنا ہی زیادہ ہوتا ہے۔ غیر محفوظ جنسی تعلقات قائم کرنے سے خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
آپ کو جانے بغیر ایس ٹی آئیز ہو سکتا ہے، لہذا باقاعدگی سے چیک اپ کروانا اچھی بات ہے۔ خاص طور پر اگر آپ نیا رشتہ شروع کر رہے ہوں یا آپ اپنے ساتھی کے ساتھ کنڈومز کا استعمال بند کرنا چاہتے ہوں۔