مولسکم کی علامات کے بارے میں جنسی صحت کی معلومات، یہ کیسے منتقل ہوتا ہے، انفیکشن کب تک رہتا ہے اور اس کا علاج کیسے کیا جاتا ہے۔
مولسکم جِلد کا ایک وائرل انفیکشن ہے جو وائرس مولسکم کنٹاگیوسم کی وجہ سے ہوتا ہے۔ یہ جنسی رابطے سمیت قریبی جسمانی رابطے سے پھیلتا ہے۔
یہ تولیے یا فلالین جیسی چیزیں شیئر کرنے سے بھی منتقل ہو سکتا ہے۔

مولسکم کی علامات
ابھرے ہوئے، درد کے بغیر گلابی یا سرخ دھبے جن میں خارش ہو سکتی ہے وائرس کی واحد علامت ہیں۔
دھبوں کا چھوٹا سفید یا زرد سر ہو سکتا ہے اور وہ چمک دار نظر آتے ہیں۔ وہ 2 سے 5 ملی میٹر چوڑے ہو سکتے ہیں۔
کبھی بھی دھبوں کو نہ دبائیں۔ ان کے اندر کا مواد بہت متعدی ہوتا ہے، لہذا انھیں دبا کر نکالنے سے آپ کے جسم کے دیگر حصوں میں انفیکشن پھیل سکتا ہے۔
اگر آپ کو مولسکم جنسی تعلق کی وجہ سے ہوا ہے، تو آپ کی کمر، جنسی اعضا کے آس پاس، پیٹ کے نچلے حصے، کولہوں اور اوپری رانوں کے ارد گرد دھبے ہونے کا امکان ہے۔
دھبے عام طور پر تقریباً 6 سے 18 مہینوں میں صاف ہو جاتے ہیں۔

یہ کس طرح منتقل ہوتا ہے
مولسکم قریبی جسمانی رابطے کے ذریعے یا تولیہ جیسی چیز جو آلودہ ہو، شیئر کرنے سے پھیلتا ہے۔
یہ خاص طور پر ان لوگوں میں پایا جاتا ہے جن کا مدافعتی نظام کمزور ہو، بشمول ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کے جن کی سی ڈی 4 کی تعداد بہت کم ہوتی ہے۔
مولسکم جنسی رابطے کے ذریعے پھیل سکتا ہے – اس کا مطلب جنسی تعلقات سمیت کسی بھی قسم کی جنسی سرگرمی ہے۔
جنسی تعلقات کے دوران کنڈوم کا استعمال اسے منتقل کرنے کے خطرے کو کم کرے گا، لیکن اس کا ہونا تب بھی ممکن ہے کیوں کہ مولسکم جلد کے قریبی رابطے سے منتقل ہو سکتا ہے۔
اگر آپ کو مولسکم ہے تو آپ کو اس وقت تک متعدی سمجھا جاتا ہے جب تک کہ آخری دھبہ مکمل طور پر ٹھیک نہ ہو جائے۔

مولسکم کی جانچیں اور علاج
کوئی نرس یا ڈاکٹر دھبوں کو دیکھ کر مولسکم کی تشخیص کر سکتا ہے۔ اگر وہ تشخیص کے بارے میں غیر یقینی ہوں، تو وہ جلد کا نمونہ (بائیوپسی) لے سکتے ہیں اور وائرس کے لیے اس کی جانچ کر سکتے ہیں۔
انفیکشن عام طور پر چھ سے 18 مہینوں میں علاج کے بغیر ٹھیک ہو جاتا ہے۔ تاہم، اگر آپ کو ایچ آئی وی ہے اور آپ کے سی ڈی 4 کی تعداد بہت کم ہے، تو اسے ٹھیک ہونے میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔
بعض صورتوں میں ڈاکٹر یا نرس مولسکم کو تیزی سے ٹھیک کرنے کی کوشش کے لیے علاج تجویز کر سکتے ہیں، خاص طور پر اگر دھبے آپ کے معیار زندگی کو متاثر کر رہے ہوں یا اگر آپ کو ایچ آئی وی ہو۔ تاہم، بعض علاج سے سائیڈ افیکٹس ہو سکتے ہیں۔