مائیکوپلازما جینیٹیلیم کے بارے میں جنسی صحت کی معلومات – یہ کس طرح منتقل ہوتا ہے اور انفیکشن سے کیسے بچنا ہے۔
مائیکوپلازما جینیٹیلیم کو ایم جی یا ایم جین بھی کہا جاتا ہے۔ یہ جنسی طور پر پھیلنے والا بیکٹیریم ہے جو مردوں اور خواتین کے پیشاب اور جنسی اعضا کی نالیوں کو متاثر کرتا ہے۔
ایم جی مردوں میں غیر مخصوص پیشاب کی نالی (این ایس یو) اور خواتین میں پیڑو کی سوزش کے عارضے (پی آئی ڈی) کا سبب بن سکتا ہے۔

ایم جی کی علامات
ایم جی کے حامل لوگوں کی اکثریت میں کوئی علامات نہیں ہوتی اور انفیکشن بعض معاملات میں قدرتی طور پر اپنے آپ ٹھیک ہو جاتا ہے۔ بعض میں ایک یا ایک سے زیادہ علامات ہو سکتی ہیں۔
مردوں کو دیکھنا چاہیے:
پیشاب کرتے وقت درد
کوئی اخراج
خصیوں میں درد
پروکٹائٹس جو مقعد میں درد اور اخراج کا سبب بننے والی سوزش ہے۔
خواتین کو دیکھنا چاہیے:
مہبل کا اخراج
پیٹ کے نچلے حصے میں درد
مہبل سے معمول سے ہٹ کر خون آنا (ماہواریوں کے بیچ خون آنا)
جنسی تعلق کے بعد خون آنا
پی آئی ڈی کو ایم جی سے منسلک کیا گیا ہے – پی آئی ڈی (پیڑو کی سوزش کا عارضہ) بانجھ پن کا سبب بن سکتا ہے اور اسے قبل از وقت پیدائش اور اچانک اسقاط حمل سے منسوب کیا گیا ہے۔

ایم جی کس طرح منتقل ہوتا ہے
ایم جی غیر محفوظ مہبلی یا مقعدی جنسی تعلقات کے ذریعے پھیلتا ہے۔ یہ ان مردوں اور خواتین میں سب سے زیادہ عام ہے جن کے متعدد جنسی ساتھی ہوں۔
آپ کو جنسی تعلقات قائم کرتے وقت کنڈوم کا استعمال کرنا چاہیے تاکہ اس کے ہونے یا منتقل کرنے کے خطرے کو کم کیا جا سکے۔
ایم جی کے لیے جانچ
جنسی صحت کلینک میں ایم جی ٹیسٹنگ دیگر ایس ٹی آئیز کی طرح معمول کی بات نہیں ہے اور آپ کی شاید ایم جی کے لیے جانچ نہیں کی جائے گی جب تک کہ آپ میں اس کی علامات نہ پائی جائیں۔
اگر آپ میں علامات موجود ہوں، تو ایم جی کی تشخیص مردوں کے لیے پیشاب کی ایک سادہ جانچ یا خواتین کے لیے جنسی اعضا کی پھریری کے ذریعے کی جاتی ہے۔
اگر جانچ سے پتہ چل جائے کہ آپ کو ایم جی ہے، تو آپ کے موجودہ جنسی ساتھیوں کی بھی جانچ کی جانی چاہیے، خواہ ان میں وہ علامات ظاہر ہوں یا نہ ہوں۔
ہر وہ شخص جو جنسی طور پر متحرک ہے اسے اپنے مقامی جنسی صحت کے کلینک میں باقاعدگی سے چیک اپ کروانا چاہیئے۔ یہ خاص طور پر ان مردوں اور خواتین کے لیے اہم ہے جن کے متعدد جنسی ساتھی ہوں یا جن کو کنڈوم کے استعمال میں پریشانی ہو۔
علاج
ایم جی کا علاج اینٹی بائیوٹکس سے کیا جاتا ہے۔
بیکٹیریا کے بعض اسٹرینز عام طور پر استعمال ہونے والی اینٹی بائیوٹکس سے مزاحم ہیں۔ انفیکشن سے پاک ہونے کے لیے مختلف ادویات کے کئی دور چلائے جا سکتے ہیں۔
آپ علاج مکمل ہونے کے بعد بھی اسے 14 دن تک منتقل کرنے کے قابل ہو سکتے ہیں لہذا غیر محفوظ جنسی تعلقات سے گریز کریں۔
ایچ آئی وی کے حامل افراد کے لیے ایم جی کا علاج وہی ہے جو ایچ آئی وی نگیٹو لوگوں کے لیے ہے۔